دہشت گردوں کی فرار کی کوشش ناکام بنا دی گئی پولیس کی فوری اور مؤثر کارروائی کے نتیجے میں ایک دہشتگرد ہلاک جبکہ دو زخمی ہو گئے، شہید اہلکاروں کی شناخت گل محمد اور شہزاد خان کے نام سے ہوئی ہے جو یادگار پولیس چوک پر تعینات تھے
ڈیرہ اسماعیل خان(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16جولائی 2025) ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشتگردوں کی پولیس چوکی کے قریب فائرنگ سے2 اہلکار شہید ہوگئے، دہشتگردوں کی فرار کی کوشش ناکام بنا دی گئی، پولیس کی فوری اور مؤثر کارروائی کے نتیجے میں ایک دہشتگرد ہلاک جبکہ دو زخمی ہو گئے، تفصیلات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں دہشت گردی کا افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں یادگار چوکی کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار شہید ہو گئے۔پولیس کے مطابق شہید اہلکاروں کی شناخت گل محمد اور شہزاد خان کے نام سے ہوئی ہے جو یادگار پولیس چوک پر تعینات تھے۔ دونوں اہلکار قریبی دکان پر جارہے تھے کہ گھات لگائے دہشت گردوں نے ان پر فائرنگ کر دی۔ شہید اہلکاروں کی میتیں کلاچی ہسپتال منتقل کر دی گئیں۔
واقعے کے بعد حملہ آور موٹرسائیکل پر فرار ہوگئے تھے تاہم پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ایک دہشت گرد ہلاک اور دو زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق ہلاک دہشت گرد کے قبضے سے کلاشنکوف مع ایمونیشن بھی برآمد کیا گیا ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ سی ٹی ڈی و ڈسٹرکٹ پولیس کی جانب سے سرچ آپریشن تاحال جاری ہے۔سی ٹی ڈی اور ضلعی انتظامیہ کاسرچ آپریشن جاری ہے تاکہ دہشتگردوں کے دیگر ساتھیوں کو گرفتار کیا جا سکے اور علاقے کو مکمل طور پر محفوظ بنایا جا سکے۔پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشتگرد کے قبضے سے برآمد ہونے والے اسلحے میں کلاشنکوف اور بھاری مقدار میں ایمونیشن بھی برآمد ہوا ہے جس سے واضح ہوتا ہے کہ دہشتگرد کسی بڑے حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں اور ان کے سہولت کاروں کو بھی جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔ڈی آئی خان میں حالیہ دہشتگردی کے واقعات کے بعد قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل الرٹ پر ہیں اور فتنہ الہندوستان سے وابستہ دہشتگرد عناصر کے خلاف بھرپور کارروائی جاری ہے۔ عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دیں تاکہ امن دشمنوں کو ناکام بنایا جا سکے۔دوسری جانب وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے فتنتہ الہندوستان کے دہشتگردوں کی فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے 2 پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔وزیر داخلہ نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہراول دستے کا کردار ادا کر رہی ہے۔ خیبرپختونخواہ پولیس کے جری جوانوں پر فخر ہے۔محسن نقوی نے شہید پولیس اہلکاروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا ہ پولیس کے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو سلام ہے۔شہید پولیس اہلکاروں کے لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں۔ پولیس اہلکاروں کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔