web counter ن لیگ کا پی پی امیدوار کو ووٹ نہ دینے کا فیصلہ – 61News

ن لیگ کا پی پی امیدوار کو ووٹ نہ دینے کا فیصلہ

مظفرآباد (‌اوصاف نیوز)آزاد کشمیر میں اندرون خانہ تبدیلی کے معاملے پر مسلم لیگ ن کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔

ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر میں حکومت کی تبدیلی کے حوالے سے ن لیگ کی مشاورت مکمل کر لی گئی ہے، پیپلز پارٹی کو نئے وزیراعظم کے لیے ووٹ دینے سے انکار کر دیا گیا ہے۔

تحریک عدم اعتماد کا معاملہ الگ اور قائد ایوان کا انتخاب الگ مسئلہ ہے، ن لیگ حکومت کی تبدیلی کے لیے پیپلز پارٹی کا ساتھ دے گی۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن نے آزاد کشمیر اسمبلی میں قائد ایوان کے انتخاب کے لیے پی پی کے امیدوار کو ووٹ نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آزاد کشمیر میں آئندہ انتخابات کے حوالے سے پیپلز پارٹی سے مشاورت کی جائے گی۔ سیاسی رابطہ کمیٹی نے آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کو پیپلز پارٹی کے ساتھ طے پانے والے فارمولے پر اعتماد میں لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں آئندہ کی سیاسی حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ مسلم لیگ ن آزاد کشمیر میں نئی ​​حکومت کا حصہ نہیں بنے گی۔

سیاسی رابطہ کمیٹی آزاد کشمیر کی قیادت سے سیاسی حکمت عملی کے حوالے سے تجاویز طلب کرے۔ کمیٹی وزیر اعظم شہباز شریف کو وطن واپسی پر بریفنگ دے گی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں احسن اقبال، رانا ثناء اللہ، وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام، مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر، راجہ فاروق حیدر، سیکرٹری جنرل طارق فاروق، سینئر نائب صدر مشتاق منہاس سمیت پارلیمانی اراکین اور مرکزی عہدیداران نے شرکت کی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *