لاہور(نیوز ڈیسک) پنجاب میں پہلی ای ٹیکسی سروس شروع کرنے کا منصوبہ تیار کر لیا گیا۔ الیکٹرک گاڑیاں بلاسود آسان اقساط پر دی جائیں گی۔
وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان کے زیر صدارت سٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں ای ٹیکسی منصوبے کی پیشرفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں مختلف الیکٹرک گاڑیوں، ان کی قیمتوں اور تکنیکی معاملات کا جائزہ بھی لیا گیا، الیکٹرک گاڑیوں کیلئے چارجنگ اسٹیشنز اور دیگر امور پر گفتگو ہوئی۔
منصوبے کو مزید بہتر اور کامیاب بنانے کیلئے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ پہلے مرحلے میں 1100 الیکٹرک گاڑیاں بلاسود آسان اقساط پر ای ٹیکسی منصوبے کیلئے فراہم کی جائیں گی۔
بلال اکبر خان نے کہا کہ ای ٹیکسی اسکیم کیلئے بہت آسان شرائط رکھی جا رہی ہیں، انہوں نے کہا کہ ای ٹیکسی اسکیم آئندہ چند ہفتوں میں بذریعہ اشتہار باقاعدہ پیش کر دی جائے گی۔