




اپنے فرائض بخوبی انجام دینے والے افسران اور دنیا بھر میں انسانی حقوق کے علمبرداروں کو اسی طرح ایوارڈز دیتے رہیں گے
رانا بشارت علی خاں
مظفرآباد ( ) انٹرنیشنل ہیومن رائٹس موومنٹ کے زیر اہتمام آزاد کشمیر بھر میں محکمانہ بہترین کارکردگی پر مختلف افسران اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والی شخصیات کو ایوارڈز سے نوازا گیا۔ یہ تقریب ایوان صدر مظفرآباد میں منعقد ہوئی، جس کے مہمانِ خصوصی قائم مقام صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر چوہدری لطیف اکبر تھے۔
تقریب کے دوران قائم مقام صدر ریاست چوہدری لطیف اکبر نے اپنے دستِ مبارک سے انٹرنیشنل ہیومن رائٹس موومنٹ کی جانب سے نامزد افسران، حریت رہنماؤں، صحافی حضرات اور مختلف سماجی مکاتبِ فکر سے وابستہ شخصیات کو تعریفی سرٹیفکیٹس اور ایوارڈز تقسیم کیے۔
اپنے خطاب میں چوہدری لطیف اکبر نے انٹرنیشنل ہیومن رائٹس موومنٹ کے کردار کو سراہا اور کہا:
“انٹرنیشنل ہیومن رائٹس موومنٹ ایک عالمی تنظیم ہے جو بین الاقوامی سطح پر انسانی حقوق کے تحفظ اور فروغ میں بہترین کردار ادا کر رہی ہے۔ میں ایوارڈ حاصل کرنے والے افراد کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جنہوں نے نہ صرف محکمانہ فرائض بہترین طریقے سے انجام دیے بلکہ انسانی حقوق کے فروغ میں بھی اپنی آواز بلند کی۔”
اس موقع پر انٹرنیشنل ہیومن رائٹس موومنٹ کے چیئرمین اور بانی رانا بشارت علی خان نے اپنے پیغام میں کہا:
“ہم اپنے فرائض بخوبی انجام دینے والے افسران اور دنیا بھر میں انسانی حقوق کے علمبرداروں کو اسی طرح ایوارڈز دیتے رہیں گے۔ یہ ہماری تنظیم کا مشن ہے کہ ہر اُس شخص کو سراہا جائے جو انسانیت کی خدمت اور انسانی حقوق کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کر رہا ہے۔”
ایوارڈ حاصل کرنے والوں میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری آزاد کشمیر مدحت شہزاد، کمشنر مظفرآباد مسعود الرحمان، ڈی آئی جی راشد نعیم، چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف سردار طارق محمود، حریت رہنماء مشتاق الاسلام، حریت رہنماء عزیر غزالی اور محکمہ پولیس کے مختلف افسران شامل تھے۔
انٹرنیشنل ہیومن رائٹس موومنٹ کا تعارف:
انٹرنیشنل ہیومن رائٹس موومنٹ ایک عالمی تنظیم ہے جو 60 سے زائد ممالک میں اپنے 100,000 سے زائد رضاکاروں کے ساتھ انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے سرگرم عمل ہے۔ یہ تنظیم اقوام متحدہ، یورپی یونین، او آئی سی، اور عرب لیگ جیسے بین الاقوامی فورمز پر انسانی حقوق کے مسائل پر بات چیت کرتی ہے اور اپنے تمام اخراجات اپنی قیادت کی ذاتی سرمایہ کاری سے پورا کرتی ہے، کسی بھی ادارے، فرد یا تنظیم سے مالی مدد قبول نہیں کرتی۔
تقریب کے اختتام پر ایوان صدر کی جانب سے تمام شرکاء کے لیے ظہرانے کا اہتمام بھی کیا گیا، جس میں مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی اور انسانی حقوق کے فروغ کے لیے انٹرنیشنل ہیومن رائٹس موومنٹ کے کردار کو سراہا۔