web counter کیا پیٹرول کی قیمت میں بڑا اضافہ متوقع ہے؟ 61News

کیا پیٹرول کی قیمت میں بڑا اضافہ متوقع ہے؟

یکم جولائی کو حکومت کی جانب سے پیٹرول کی قیمت میں 8 روپے 36 پیسے فی لیٹر کا بڑا اضافہ کیا گیا تھا اور اب ایک بار پھر 6 سے 7 روپے فی لیٹر مزید اضافے کی بات کی جا رہی ہے، وی نیوز نے خام تیل کی عالمی قیمت اور ڈالر کے تبادلہ نرخ کا جائزہ لیتے ہوئے یہ جاننے کی کوشش کی ہے کہ کیا پیٹرول کی قیمت میں واقعی ایک اور بڑا اضافہ متوقع ہے؟

حکومت ہر 15 روز بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کا فیصلہ کرتی ہے، یکم جولائی کو جب آخری بار قیمتوں میں تبدیلی کی گئی تو اس وقت خام تیل کی قیمت 67.11 ڈالر فی بیرل تھی، جو اب معمولی کمی کے بعد 66.74 ڈالر فی بیرل ہو چکی ہے۔

اسی طرح، یکم جولائی کو ڈالر کا ریٹ 283.20 روپے تھا، جو اب بڑھ کر 285.19 روپے ہو گیا ہے۔

ماہرینِ معیشت کے مطابق، خام تیل کی قیمت میں معمولی کمی اور ڈالر کے نرخ میں 2 روپے کے اضافے کے باعث پیٹرول کی قیمت میں 3 سے 4 روپے فی لیٹر تک کا اضافہ متوقع ہے۔ تاہم، قیمتوں میں کسی قسم کی کمی یا اضافے کا حتمی فیصلہ وزارتِ خزانہ اوگرا کی سفارش پر 15 جولائی کی شب کرے گی۔

یہ بھی واضح رہے کہ حالیہ بجٹ سے قبل حکومت نے آئی ایم ایف سے مذاکرات کے دوران یہ طے کیا تھا کہ آئندہ مالی سال میں پیٹرولیم لیوی کو بتدریج 100 روپے فی لیٹر تک بڑھایا جائے گا، اگرچہ فی الحال مکمل 100 روپے لیوی لاگو نہیں ہوئی، لیکن موجودہ قیمت میں 75 روپے 52 پیسے پیٹرولیم لیوی اور 2 روپے 50 پیسے کلائمیٹ سپورٹ لیوی شامل ہیں، جو صارفین سے وصول کی جا رہی ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *