منافع خور اب پیرا کی نظروں سے نہیں بچ سکیں گے، مجھے بہادر لوگ پسند ہیں، گھبرانے والے میرے لشکر کا حصہ نہیں بن سکتے، کرپشن سے کمایا پیسہ بیماریوں پر لگتا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف
اہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 14 جولائی 2025ء ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ میری اور عوام کی نظر پیرا پر ہوگی اورپیرا کی نظر مہنگائی، ذخیرہ اندوزی اور تجاوزات پرہوگی۔ پیرا کو اب عوام کا اعتماد جیتنا ہے۔ لوگ زندگی بھر کی کمائی سے زمین کا ایک ٹکڑا خریدتے ہیں، انہیں قبضہ مافیا سے بچانا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی کی لانچنگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیرا ظلم کے خلاف مظلوم کے لئے ڈھال بنے گی۔پیرا کے ذریعے قانون کے نفاذ سے پنجاب میں نیا دور شروع ہوگا۔ پیرا کا ہر افسر اور جوان مظلوم کا محافظ اور ظالم کے لئے دہشت کی علامت بنے گا۔چند ماہ پہلے پیرا کے آئیڈیا کو عملی شکل اختیار کرنے پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتی ہوں۔
آٹھ ماہ کی قلیل مدت میں پیرا کے قیام کا خیال حقیقت کا روپ دھار چکا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پیرا فورس کی ٹریننگ اور تیاری دیکھ کر خوشی ہوئی، سی ایم بننے پر ادراک ہوا کہ مہنگائی کنٹرول کرنے کیلئے پنجاب میں کوئی باقاعدہ اد ارہ نہیں۔پرائس کنٹرول مینجمنٹ کے لئے کمشنر، ڈی سی اور ریونیور ڈپیارٹمنٹ کی خدمات لی جاتی تھیں۔ کب تک انتظامیہ مہنگائی، منافع خوری اور تجاوزات کے خاتمے کے لئے بھاگتے رہیں گے۔ پرائس کنٹرول اور تجاوزات کی صورتحال کا حقیقت پسندانہ تجزیہ کرکے پیرا کے قیام کا فیصلہ کیا۔ مجھے خوشی ہے کہ لاہور میں اگلے ہفتے سے پیرا مکمل طور پر فعال ہوگی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ چند ماہ کی قلیل مدت میں پیرا جیسا ادارہ قائم کرنے پر ڈی جی کیپٹن(ر) فرخ عتیق کو شاباش دیتی ہوں۔ڈی جی فرخ عتیق نے اتھارٹی کے قیام کے لئے انتہائی پروفیشنل طریقے سے کام کیا۔ بزرگوں کا بہت احترام ہے لیکن نوجوانوں پر یقین کرتی ہوں۔ بزرگوں کے تجربے سے مستفید ہوتے ہیں لیکن ہمیشہ ینگسٹر کو ترجیح دی۔ پیرا کے قیام سے پنجاب کے گلی محلے میں قانون کے نفا ذسے انقلاب برپا ہوگا۔ پنجاب کے ہر ڈسٹرکٹ اور تحصیل میں پیرا سٹیشن قائم کریں گے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ عوام کے لئے پیرا فورس کو سینکڑوں گاڑیاں اور ڈیجیٹل آلات سمیت دیگر سہولتیں فراہم کررہے ہیں۔ پنجاب کی 144 تحصیلوں میں پیرا سٹیشن قائم کیے جائیں گے۔ پیرا افسران اور نوجوانوں کی آنکھوں میں پاکستانیت نظر آتی ہے۔ پنجاب کا ہرفرد ریاست ہے اورپیرا کا کام ظالم کے سامنے آ کر مظلوم کی مدد کرنا ہے۔ پیرا فورس میری آنکھ اور کان ہیں۔پیرا فورس ہر ظلم پر نظر رکھے گی اور ذخیرہ اندوزی، تجاوزات کے خاتمے کے لئے اپنا کام سرانجام دے گی۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ منافع خوروں کو کھلا چھوڑیں گے تو قیمتیں عوام کی پہنچ سے باہر ہوجائیں گی۔پنجاب میں منافع خور اب پیرا کی نظروں سے نہیں بچ سکیں گے۔ قانون کا اگر نفاذ نہیں تو کاغذ پر لکھے حروف سے زیادہ کچھ نہیں۔ پیرا کی بدولت اب قانون کی عمل داری ہر شہر اور ہر گاؤں میں نظر آئے گی۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ ڈالا کلچر بالکل پسند نہیں، پولیس اس کے خلاف آپریشن کررہی ہے۔ بیٹے کو روک کر چالان کرنے والے پولیس اہلکار پر فخر ہے۔مجھے اپنے بیٹے پر بھی فخر ہے جس نے چالان ہونے پر پولیس اہلکار کو شاباش دی۔ قانون صرف غریبوں کے لئے نہیں ہوتا، طاقتور لوگوں پر بھی یکساں طور پر لاگوہونا چاہیے۔اب ہر کمزور کے ساتھ ریاست کھڑی ہوگی، فرسودہ سوچ بدلنے کا وقت آگیا ہے۔پیرا فورس کو کہتی ہوں کہ ہمیشہ ایمانداری سے کام کرنا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ کرپشن سے کمایا پیسہ نقصان کا باعث اور بیماریوں پر لگتا ہے جبکہ حلال آمدن میں برکت ہے۔ مجھے بہادر لوگ پسند ہیں، متزلزل اور گھبرانے والے میرے لشکر کا حصہ نہیں بن سکتے۔ بہادری نعمت ہے، ڈٹ کر چلیں اور ایمانداری سے کام کر یں۔ ایمانداری سے کام کریں گے تو لوگ سرپر بٹھاتے ہیں۔ماضی میں صوبے کی ایڈمنسٹریشن ایک کے بعد دوسرے کام کے پیچھے بھاگتی رہتی تھی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ مہنگائی اور دیگر عوامل پر 24/7اور 12ماہ کام ہونا چاہیے تھا۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹ نے چھاپوں کے لئے لوگ رکھے ہوتے تھے اور وہ لوگ بھتہ لے رہے تھے، نقصان عوام کو پہنچتا تھا۔پنجاب بھر میں تجاوزات ہٹانے کے لئے بلا امتیاز ایکشن کے خاطر خواہ اور شاندار نتائج سامنے آئے۔تجاوزات کی وجہ سے تنگ بازاروں میں رش اورہجوم میں خواتین کو ہراساں کیا جاتا تھا، اب ایسے نہیں ہوگا۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ تجاوزات کے خاتمے کے ساتھ بازار خواتین کے لئے محفوظ اور بہتر ہوگئے ہیں۔بازاروں سے تجاوزات ختم کرنے سے دکانداروں کی سیل بڑھی اور ٹریفک کا بہاؤ بہتر ہوا۔