پشاور(اوصاف نیوز)خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشوں اور آسمانی بجلی گرنے سے 8 بچوں سمیت 10 افراد جاں بحق ہوگئے۔
ترجمان پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشوں، آسمانی بجلی اور دیگر واقعات میں 8 بچوں سمیت 10 افراد جاں بحق ہوگئے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران جاں بحق افراد میں 8 بچے اور ایک خاتون بھی شامل ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ بارش اور فلیش فلڈ کے باعث مجموعی طور پر 3 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا، بارش کے باعث حادثات خیبر، مالاکنڈ، کوہاٹ، باجوڑ اور لکی مروت میں پیش آئے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق ضلع خیبر میں آسمانی بجلی گرنے اور بارشوں کے بعد آبی ریلے میں 2 بچے جاں بحق ہوگئے اور ایک بچے کو زخمی حالت میں بچا لیا گیا۔
ترجمان کے مطابق مالاکنڈ میں دیوار گرنے سے ملبے تلے دب کر 2 بچے جاں بحق ہوگئے، کوہاٹ اور ہری پور میں چھت اور دیوار گرنے سے ایک خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق لکی مروت میں بارش کے پانی میں نہانے والے 4 بچے ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔