معصوم جانوں کا خون بہانا ناقابل معافی جرم ، متاثرینِ دہشتگردی کو انصاف کی جلد فراہمی کے لیے دعا گو ہوں : سابق کپتان
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 12 جولائی 2025ء ) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے گزشتہ روز بلوچستان میں ہونے والے دہشت گرد حملے کی مذمت کردی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں شاہد آفریدی نے لکھا کہ ’’بلوچستان اور خیبر پختونخواہ میں کل کے دہشت گرد حملوں کی بھرپور مذمت کرتا ہوں معصوم جانوں کا خون بہانا ناقابل معافی جرم ہے۔
دہشت گرد امن و خوشحالی کے دشمن ہیں اور انشاء اللہ اپنے مزموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے ۔ متاثرینِ دہشتگردی کو انصاف کی جلد فراہمی کے لیے دعا گو ہوں‘‘ ۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان میں فتنۃ الہندوستان کے دہشتگردوں نے پنجاب جانے والی بسوں کو روک کر شناخت کے بعد 9 مسافروں کو شہید کر دیا،
افسوسناک واقعہ لورالائی اورموسیٰ خیل کی درمیان قومی شاہراہ پرسرہ ڈاکئی کے مقام پرپیش آیاجہاں دہشتگردوں نے معصوم بے گناہ لوگوں پر گولیاں برسا دیں۔
اسسٹنٹ کمشنر ژوب نوید عالم نے بتایا کہ دہشت گردوں نے 9 مسافروں کو بسوں سے اتار کر اغوا کے بعد گولیاں مار کر قتل کیا۔
مقتولین کا تعلق پنجاب کے مختلف علاقوں سے ہے،لاشیں مل گئیں، مسافروں میں سے 2 کا تعلق دنیا پور سے ہے، متاثرہ علاقے میں بھرپور سرچ آپریشن کیا جا رہا ہے تاکہ دہشتگردوں کو گرفتار کیا جا سکے یا انجام تک پہنچایا جا سکے، عثمان طور اور جابر طور دونوں بھائی کوئٹہ میں رہائش پذیر تھے، والد کے انتقال پر گھر جارہے تھے۔
ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے اس دلخراش واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے اسے فتنہ الہندوستان کی کھلی درندگی قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے مسافروں کے شناختی کارڈ چیک کئے جس کے بعد مخصوص مسافروں کو نیچے اتار کر انہیں گولیاں مار کر شہید کر دیا گیا۔
شاہد رند کے مطابق یہ واقعہ دشمن کے ناپاک عزائم کی عکاسی کرتا ہے جو پاکستان کے امن، استحکام اور یکجہتی کو نقصان پہنچانے کیلئے سرگرم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈرائیورز نے لورالائی پہنچ کر بسوں کو روکنے کے حوالے سے انتظامیہ کو بتایا، سیکیورٹی فورسز نے فوری ردعمل کا مظاہرہ کیا اور جائے وقوعہ پر پہنچ کر دہشتگردوں کا تعاقب شروع کر دیا۔
ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند کے مطابق حملہ پاکستان کے امن اور یکجہتی پر حملہ ہے۔ دشمن کی چال ناکام بنائیں گے۔ بلوچستان کے عوام دشمن کے ناپاک عزائم کے سامنے سیسہ پلائی دیوار ہیں۔ ریاست دشمن عناصر کو عبرتناک انجام تک پہنچایا جائے گا۔