ہم سے کوئی رابطہ نہیں ہوا، نہ ہم نے ن لیگ میں واپس جانا ہے

آج حکومت کی طرح اپوزیشن بھی ناکام ہے،سیاست میں تفریق ختم ہونے تک یہ ملک آگے نہیں چلے گا، دو ہزار ترامیم بھی کرلیں اس سے کچھ نہیں ہوگا۔سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی

راولپنڈی ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 11 جولائی 2025ء ) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ہم سے کوئی رابطہ نہیں ہوا، نہ ہم نے ن لیگ میں واپس جانا ہے، آج حکومت کی طرح اپوزیشن بھی ناکام ہے۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم سے کوئی رابطہ نہیں ہوا، نہ ہم نے ن لیگ میں واپس جانا ہے، آپ دو ہزار ترامیم کرلیں اس سے کچھ نہیں ہوگا، پیپلزپارٹی کی سندھ میں 17 سالوں سے حکومت ہے لیکن 40فیصد عوام پینے کے پانی سے محروم ہیں۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو نظام کی بہتری کی بات کرنی چاہئے اسی میں بانی پی ٹی آئی کی بھی بہتری ہے، اگر ایک شخص کے بیٹے آتے ہیں تو آپ کس قانون کے تحت گرفتار کریں گے؟ کراچی میں گرنے والی عمارت کی تعمیر کا پرمٹ کس نے دیا تھا؟ سیاست میں تفریق ختم ہونے تک یہ ملک آگے نہیں چلے گا، آج جس طرح حکومت ناکام ہے اسی طرح اپوزیشن بھی ناکام ہے۔

سابق وزیراعظم اور عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نہ سیاست میں عزت، نہ عوام کی خدمت ہے ملک کے مسائل برقرار ہیں۔پارٹی کے یوم تاسیس سے خطاب کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حکومت کا ایک کام بتادیں جس میں عوام کی فلاح اور نوجوانوں کے مسائل کاحل ہوں، اربوں روپے خرچ کرتے ہیں لیکن کیا تعلیم اور صحت کا نظام بہتر ہی شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ یہ حکمران جب تک رہیں گے ان کا ہر لمحہ ملک پر بھاری ہے، جب عدل کا نظام ختم ہو جاتا ہے تو ملک ترقی نہیں کرتا۔انہوں نے کہا کہ ہماری جماعت ایسی ہوگی جو ملک اور اسکے مسائل کی بات کرے گی، ملک کے آدھے لوگ خط غربت سے نیچے چلے گئے ہیں۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ سیاست کا مقصد ایک دوسرے کو گالیاں دینا رہ گیا، آج حکمرانوں میں مایوسی اور بیبسی نظر آتی ہے۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ سیاست کا مقصد صرف حصول اقتدار نہیں ہونا چاہیے ، سیاسی لیڈرشپ نے عوام کے بجائے اپنے حالات بہتر کیے۔اپنے بیان میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ گزشتہ 8 سال سے پاکستان میں غربت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، حکمرانوں کو جواب دینا ہوگا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے کیا کیا ۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہم حقائق اور ملکی فلاح کی بات کرتے ہیں، ہمارا مقصد گالی گلوچ کرنا نہیں، ہماری جماعت پاکستان کو بہترمستقبل دے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *