اللہ کا شکر ہے کہ فوج اور ایف سی والوں نے ہمیں با حفاظت بازیاب کروایا، جعفرایکسپریس ٹرین کے مسافر کا بازیابی کے بعد اظہار تشکر

مچھ(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12 مارچ 2025)بلوچستان کے علاقے بولان میں کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفرایکسپریس پر دہشتگردوں کے حملے کے بعد سیکورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران بازیاب ہونے مسافروں نے بازیابی پر اظہار تشکرکرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ کا شکر ہے کہ فوج اور ایف سی نے ہمت کرکے ہمیں باحفاظت بازیاب کروالیا ہے، مسافر کا کہنا تھا کہ ٹرین اچانک رکی اور فائرنگ شروع ہوگئی اس وقت سب مسافر خوف وہراس کا شکار ہوگئے ۔

مسافر نے کہا کہ یہ فوجیوں اور ایف سی والوں کی ہی ہمت تھی کہ ہمیں بازیاب کرا کر یہاں تک باحفاظت پہنچا دیا۔ دوسری جانب سیکیورٹی فورسز کا دہشت گردوں کیخلاف آپریشن جاری ہے۔دہشتگردوں کیخلاف آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز کی نگرانی میں مال بردار ٹرین مسافروں کو لے کر مچھ ریلوے اسٹیشن پہنچی جب کہ دیگر بازیاب افراد کو بھی محفوظ مقامات پر پہنچایا جارہا ہے۔

ریلوے حکام کاکہنا ہے کہ بازیاب مسافروں میں 17 زخمی بھی شامل تھے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ 80 مسافروں میں سے 12 مسافر آب گم اور 11 مسافر مچھ میں اپنے رشتہ داروں کے پاس ٹھہر گئے جبکہ 57 مسافروں کو مچھ سے کوئٹہ بذریعہ وین پہنچا دیا گیا ہے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق باقی مسافروں کی با حفاظت رہائی کیلئے سیکیورٹی فورسز کوشاں ہیں، دہشت گردوں کے گرد گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے۔

آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔سکیورٹی ذرائع مزید کہنا ہے کہ دہشتگردوں نے جعفرایکسپریس کو سرنگ میں روک کرمسافروں کویرغمال بنایا ۔ انتہائی دشوار گزار اور سڑک سے دور ہونے کے باوجود سکیورٹی فورسزموقع پر پہنچیں اور علاقے کو گھیرے میں لے کر کلیئرنس آپریشن شروع کیا۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق یرغمال بنائے گئے افراد میں اکثریت عورتوں اوربچوں کی ہے۔ترجمان بلوچستان حکومت کے مطابق دہشتگرد حملے میں ٹرین ڈرائیور زخمی ہے، واقعے کے بعد سبی اور کوئٹہ کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اور کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر ایمرجنسی ڈیسک قائم کردی گئی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *