اسلام آباد (اے بی این نیوز) تحریک انصاف میں سیاسی سرگرمیاں تیزی پکڑنے لگیں۔ بانی چیئرمین کے بیٹوں قاسم اور سلمان کی پاکستان آمد کے بعد پارٹی میں نئی جان آگئی ہے۔ ذرائع کے مطابق کور کمیٹی کا ایک اہم اجلاس آج رات طلب کر لیا گیا ہے، جس میں احتجاجی تحریک کو عملی شکل دینے پر مشاورت کی جائے گی۔
اجلاس میں تمام ارکان کو زوم کے ذریعے آن لائن شرکت یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ قاسم اور سلمان کی آمد سے عوامی رابطہ مہم کو مزید تقویت ملے گی، اور ممکنہ احتجاجی مظاہروں کی تیاریوں کو بھی حتمی شکل دی جائے گی۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات کے دوران پارٹی میں پیدا ہونے والے اختلافات اور اندرونی چپقلش بھی ایجنڈے کا حصہ ہوں گے۔ اس کے علاوہ احتجاجی تحریک کے پہلے مرحلے پر اب تک کی پیش رفت اور اس کے اثرات کا تفصیلی جائزہ بھی لیا جائے گا۔
تحریک انصاف کے اندرونی حلقے اس اجلاس کو آئندہ کی سیاسی حکمت عملی کے لیے انتہائی اہم قرار دے رہے ہیں۔ قاسم اور سلمان کی متحرک شرکت نہ صرف پارٹی کارکنوں کے حوصلے بلند کرے گی بلکہ حکومت مخالف تحریک کو بھی نئی سمت دے سکتی ہے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ملک میں سیاسی درجہ حرارت پہلے ہی عروج پر ہے، اور پی ٹی آئی آئندہ ہفتوں میں بڑے جلسوں اور احتجاجی مظاہروں کی تیاری کر رہی ہے۔