ٹورنٹو(انٹرنیشنل ڈیسک)ٹورنٹو میں معروف بھارتی کامیڈین کپل شرما کے نئے کھلنے والے کیفے پر فائرنگ کے واقعے نے نہ صرف مقامی کمیونٹی بلکہ عالمی سطح پر ان کے مداحوں کو بھی پریشان کر دیا ہے۔ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب کیفے کو عوام کے لیے کھلے ہوئے ابھی چند ہی دن گزرے تھے۔
پولیس رپورٹ کے مطابق نامعلوم افراد نے کیفے پر اچانک فائرنگ کر دی، جس سے عمارت کو نقصان پہنچا تاہم خوش قسمتی سے کسی شخص کو کوئی جسمانی نقصان نہیں ہوا۔ سکیورٹی اداروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور شواہد اکٹھے کیے۔ ابتدائی تفصیلات کے مطابق، جائے وقوعہ سے کم از کم نو گولیوں کے خول ملے ہیں۔
ذرائع کے مطابق، حملے کے پیچھے کسی منظم گروہ کا ہاتھ ہونے کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ کچھ رپورٹس میں خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ کارروائی مبینہ طور پر خالصتانی عناصر یا لدّی گینگ کی جانب سے کی گئی ہو سکتی ہے، جس کا تعلق ایک کالعدم تنظیم سے جوڑا جا رہا ہے۔
پولیس اور تحقیقاتی ادارے واقعے کی مکمل جانچ میں مصروف ہیں اور قریبی علاقوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ حملہ آوروں کو شناخت کیا جا سکے۔ اب تک کپل شرما کی جانب سے اس افسوسناک واقعے پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔
کینیڈا میں موجود بھارتی کمیونٹی اور شوبز سے تعلق رکھنے والے افراد نے اس واقعے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے، اور سکیورٹی اقدامات مزید سخت کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ مداحوں کی بڑی تعداد کپل شرما کی خیریت کے لیے دعاگو ہے اور امید کر رہی ہے کہ مجرموں کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔