سعودی عرب کی اسٹاک مارکیٹ (تداول) میں عید الاضحیٰ پر 6 روز کی چھٹیوں کا اعلان کردیا گیا۔
دنیا بھر کے مسلمان ذوالحجہ کی 10 تاریخ کو عید الاضحیٰ مناتے ہیں، سعودی عرب کی سپریم کورٹ نے عوام سے 27 مئی کو ذوالحجہ کا چاند دیکھنے کی اپیل کی ہے، چاند نظر آنے کی صورت میں 5 جون حج کا رکن اعظم (یوم عرفہ) ہوگا جبکہ مملکت میں 6 جون کو عیدالاضحیٰ منائی جائے گی۔
تاحال سعودی عرب میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر سرکاری تعطیلات کو حتمی شکل نہیں دی گئی تاہم اسٹاک ایکسچیج (تداول) نے اپنی تعطیلات کا اعلان کردیا۔
خلیج ٹائمز کے مطابق سعودی اسٹاک مارکیٹ میں 8 ذوالحجہ (ممکنہ 4 جون) کو ٹریڈنگ کا اختتام ہوگا، اسٹاک مارکیٹ میں 5 جون سے 10 جون تک تعطیلات ہوگی، تداول مجموعی طور پر 6 روز بند رہے گی اور 15 ذوالحجہ (ممکنہ 11 جون) کو کاروبار کا دوبارہ آغاز ہوگا۔
سعودی عرب میں 27 مئی کو چاند نظر نہ آنے کی صورت میں 29 مئی یکم ذوالحج ہوگی، یوم عرفہ 6 جون اور عیدالاضحیٰ 7 جون کو ہوں گے۔