پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) نے احتجاج کے حوالے سے حکمت عملی تبدیل کرتے ہوئے اسلام آباد کا رُخ نہ کرنے فیصلہ کیا ہے جبکہ بانی پی ٹی آئی نے پارٹی کو احتجاجی تحریک کی تیاری کرنے کی ہدایت بھی کردی ہے۔
پیر کو بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے اڈیالہ جیل میں سابق وزیر اعظم کے ساتھ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے بتایا کہ پارٹی کی جانب سے پورے ملک میں احتجاجی تحریک چلائی جائے گی جبکہ بانی پی ٹی آئی نے واضح پیغام دیا ہے کہ کسی کو اسلام آباد نہیں بلاؤں گا کیونکہ یہاں اسنائپرز بٹھائے جاتے ہیں۔علیمہ خان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے احتجاجی تحریک کی تیاری کرنے کی ہدایت کر دی ہے اور انہوں نے کہا ہے کہ اُن کی سب پر نظر ہے ، تحریک انصاف ایک نظریے کا نام ہے ، وکٹ کے دونوں جانب کھیلنے والوں کی پارٹی میں کوئی جگہ نہیں۔
علیمہ خان کے مطابق بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ جو عام قیدی کوحقوق حاصل ہیں مجھے وہ بھی نہیں دیئے جا رہے، بچوں سے 8 ماہ میں ایک مرتبہ بات کرائی گئی اور بہنوں سے ملاقات نہیں کروائی جا رہی، یہ کون سا قانون ہے کہ عدالتی احکامات کے باوجود بہنوں سے ملاقات نہ کروائی جائے۔
علیمہ خان کا کہنا تھا کہ جیل انتظامیہ بانی پی ٹی آئی کی کتابیں روک لیتی ہے جو ٹارچر کے زمرے میں آتا ہے جبکہ عدالتی احکامات کی توہین کرتے ہیں اور ان کے ڈاکٹرز کو معائنے کی اجازت نہیں دی جارہی۔انہوں نے مزید بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے پارٹی تیاری کر لے پورے پاکستان میں ایک تحریک کا اعلان کرنے لگے ہیں۔