web counter لاہورمیں طوفانی بارش، مسافر بردار3 طیارے فضاء میں چکرلگاتے رہے، لینڈنگ میں مشکلات کا سامنا 61News

لاہورمیں طوفانی بارش، مسافر بردار3 طیارے فضاء میں چکرلگاتے رہے، لینڈنگ میں مشکلات کا سامنا

لاہور آنے والی مختلف پروازیں جیسے ہی لاہور کی حدود میں داخل ہوئیں تو شدید اور طوفانی بارش شروع ہوگئی، لاہور ایئرپورٹ آنے والی تین پروازوں کو ایئر ٹریفک کنٹرول نے فضا میں چکر لگانے کی ہدایات کیں
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16جولائی 2025)صوبائی دارالحکومت لاہور میں شدید بارش کے دوران مسافر بردار 3 طیارے فضاء میں چکر لگاتے رہے، طیاروں کو لینڈنگ میں مشکلات کاسامنا کرنا پڑا،لاہور ایئرپورٹ آنے والی تین پروازوں کو ایئر ٹریفک کنٹرول نے فضا میں چکر لگانے کی ہدایت کیں،بتایا گیا ہے کہ لاہور آنے والی مختلف پروازیں جیسے ہی لاہور کی حدود میں داخل ہوئیں تو شدید اور طوفانی بارش شروع ہوگئی۔دبئی سے لاہور آنے والی پی آئی اے کی پرواز کو بھی فضا میں چکر لگانے کی ہدایت کی گئی اسی طرح جدہ سے لاہور آنے والی غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز کو بھی لینڈنگ میں مشکلات پر فضاء میں ہی چکر لگانے کی ہدایت کی گئی۔اسی طرح لاہور آنے والی غیر ملکی ائیرلائن کاطیارہ بھی لاہور کی حدود میں داخل ہوا تو شدید بارش کے باعث اسے بھی فضاء میں چکر لگانے کی ہدایات کی گئیں۔گزشتہ رات شہر آنے والے طیاروں کو لینڈنگ میں سخت مشکل پیش آئی۔واضح رہے کہ لاہور میں مون سون کا تیسرا اسپیل گزشتہ رات سے شروع ہو گیا تھا جس کے باعث شہر میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا۔ پنجاب کے مختلف علاقوں میں 24 گھنٹوں کے دوران آندھی اوربارشوں سے حادثات میں 12 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔لاہور اور گردونواح میں رات بھر وقفے وقفے سے موسلا دھار بارش سے متعدد شاہراہیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں تھیں۔دن میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہاتھا۔ترجمان پنجاب ریسکیو  کے مطابق لاہورکے علاقے ہربنس پورہ میں کرنٹ لگنے سے بھائی اور بہن جاں بحق ہوئے جب کہ شیرا کوٹ میں 20 سالہ نوجوان اور  بہاولنگر  کے علاقے منچن آباد میں مدرسے کی چھت گرنے سے 2 طالب علم جاں بحق ہوئے تھے۔ مدینہ ٹاؤن میں کرنٹ لگنے سے 10 سالہ بچہ جان سے ہاتھ دھو بیٹھا تھا۔واسا کے مطابق صوبائی دارالحکومت کے علاقے پانی والا تالاب میں سب سے زیادہ 171 ملی میٹر، اقبال ٹاؤن میں 169 ملی میٹر، تاجپورہ میں 167 ملی میٹر، مغلپورہ میں 135، لکشمی چوک میں 133 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی بادل خوب برسے جس کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے تھے۔ وقفے وقفے سے بارش جاری ہے۔صوبے میں بارش سے ہونے والے مختلف حادثات میں  92 افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مزید موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کی ہے، مون سون کا یہ سپیل 17 جولائی تک جاری رہنے کا امکان تھا۔خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں شدید بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، اس حوالے سے این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا گیا تھا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *