13 جولائی سے ملک بھر میں تیز بارشوں کا امکان۔۔ کراچی کا موسم کیسا رہے ؟ محکمہ موسمیات کا بیان

ملک بھر میں بارشوں کا نیا سلسلہ دروازے پر دستک دے رہا ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ مغربی ہواؤں کا ایک تازہ نظام 13 جولائی سے پاکستان میں داخل ہونے کا امکان ہے، جس کے تحت کئی علاقوں میں بارشیں متوقع ہیں، اور کچھ مقامات پر گرج چمک کے ساتھ تیز بارش بھی ہو سکتی ہے۔

یہ سلسلہ سب سے پہلے بلوچستان کا رخ کرے گا، جہاں کوئٹہ، ژوب، قلعہ سیف اللہ، زیارت، سبی، خضدار، لسبیلہ اور آواران سمیت متعدد اضلاع میں بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ ان علاقوں میں 13 سے 16 جولائی تک موسم نمی سے بھرا اور کہیں کہیں تیز بارش کے ساتھ متحرک نظر آ سکتا ہے۔

ادھر سندھ کے شہری و دیہی علاقے بھی اس بارش سے متاثر ہوں گے۔ 15 سے 17 جولائی کے دوران تھرپارکر، میرپور خاص، سانگھڑ، لاڑکانہ، سکھر، دادو اور حیدرآباد میں بارشیں متوقع ہیں۔ کراچی والے بھی تیار ہو جائیں کیونکہ شہر قائد میں بھی انہی تاریخوں میں بارش کا امکان ہے، جس سے درجہ حرارت میں کمی اور ہوا میں نمی کا اضافہ متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اس بارش کے نتیجے میں درجہ حرارت میں معمولی کمی آسکتی ہے لیکن ساتھ ہی شہریوں کو یہ بھی خبردار کیا گیا ہے کہ وہ ممکنہ اربن فلڈنگ اور ندی نالوں میں پانی کی روانی میں تیزی سے محتاط رہیں۔ آج سے لے کر 17 جولائی تک ملک کے مختلف حصوں میں وقفے وقفے سے بارش ہو سکتی ہے، جس میں بعض علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا امکان بھی موجود ہے۔

یہ موسم جہاں کسانوں کے لیے خوش خبری لائے گا، وہیں شہریوں کو احتیاط برتنے کی بھی ضرورت ہے تاکہ معمولات زندگی متاثر نہ ہوں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *