بھارت پاکستان کا پانی روک سکتا ہے نہ اس کا رخ موڑ سکتا ہے، اسحاق ڈار

نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان کا پانی روک سکتا ہے نہ اس کا رخ موڑ سکتا ہے۔ کابل جا کر چائے پینے اور دہشتگردوں کے لیے سرحد کھولنے سے پاکستان کا بڑا نقصان ہوا۔

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا ملائشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں اوورسیز پاکستانیوں کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آج معیشت استحکام کی طرف گامزن ہے۔ پالیسی ریٹ اور افراط زر میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔ مہنگائی 38 فیصد سے کم ہو کر سنگل ڈیجیٹ پر آگئی ہے۔ 16 ویں ماہ میں پالیسی ریٹ 22 فیصد سے 11 فیصد تک آ چکا ہے۔ تاریخ میں پہلی بار آئی ایم ایف ریفارمز پروگرام مکمل ہوا۔ ہماری پوری توجہ پاکستان کی معیشت کو بہتر بنانے پر ہے۔ پاکستان کو جی 20 میں شامل کرانا ہدف ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم روایتی نہیں اقتصادی سفارتکاری پر عمل پیرا ہیں۔ 2016 میں پاکستان کی شرح نمو 3.6 فیصد تھی۔ 2018 تک دنیا کی 24 ویں بڑی معیشت بن چکے تھے۔ 2022 میں پاکستان دیوالیہ ہونے کے قریب تھا۔ پاکستان نے مشکل حالات میں ٹیک آف کیا۔

اسحاق ڈار نے پاکستان بھارت جنگ کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اب دنیا میں تنہائی کا شکار ہے۔ پہلگام واقعے کے بعد ہم نے پلوامہ کی طرح بھارت کا بیانیہ کامیاب نہیں ہونے دیا۔  بھارت نے پہلگام فالس آپریشن کا الزام پاکستان پر عائد کیا۔اس واقعے کے چند دن بعد ہی وزیراعظم شہباز شریف نے تحقیقات کی پیشکش کی۔ بھارت کی جانب سے کیے گئے اقدامات پر ہم نے بھرپور جواب دیا۔ قومی سلامتی کمیٹی  کے اجلاس میں بھارت کو منہ توڑ جواب دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ بھارت نے اٹاری بند کیا، ہم نے واہگہ بند کردیا۔

انہوں نے کہا کہ  سندھ طاس معاہدے  کے تحت پاکستان نے اپنے 3 دریا بھارت کو دیے تھے۔ بھارت نے کسی بین الاقوامی ضابطے کے بغیر سندھ طاس معاہدہ معطل کیا۔ ہم نے واضح کردیا تھا کہ پاکستان کا پانی روکنا اقدام جنگ تصور کیا جائے گا۔ چنانچہ اس معاہدے کے معاملے پر ردعمل میں ہم نے بھارتی ایئر لائنز کے لیے اپنی حدود بند کردیں۔ ہمارے باصلاحیت پائلٹس نے 6 بھارتی طیاروں کو مار گرایا۔ انہوں نے کہا کہ  بھارت پاکستان کا پانی روک سکتا ہے نہ اس کا رخ موڑ سکتا ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی پاکستان کے سفیر ہیں۔ ان کا پاکستانی معیشت کی ترقی میں اہم کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ملائشیا کے درمیان بہترین تعلقات ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *