نجی ایئرلائن کی سنگین غفلت، کراچی جانے والا مسافر بنا دستاویز جدہ پہنچا دیا

نجی ایئرلائن ایئرسیال کی ایک حیران کن غفلت نے ایک عام مسافر کو اُس کی منزل کراچی کے بجائے سعودی عرب کے شہر جدہ پہنچا دیا۔

یہ واقعہ اس وقت منظرِ عام پر آیا جب لاہور سے کراچی جانے والے ایک مسافر ملک شاہ زین نے فلائٹ میں 2 گھنٹے بیٹھنے کے بعد سوال کیا کہ ’ہم کراچی کب پہنچیں گے؟‘ جس پر پورا عملہ پریشان ہو گیا۔

متاثرہ مسافر ملک شاہ زین کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹ پر 2 طیارے کھڑے تھے، اور اسے ایئرسیال کے عملے نے جدہ جانے والی پرواز میں سوار کروا دیا۔ میں نے ٹکٹ ایئرہوسٹس کو بھی دکھایا، مگر کسی نے نہیں بتایا کہ میں غلط فلائٹ پر سوار ہوں۔ میرے پاس نہ پاسپورٹ تھا اور نہ ویزہ، پھر بھی انہوں نے روکنے کی زحمت نہ کی۔

مسافر کے مطابق جب جہاز میں بیٹھے 2 گھنٹے گزر گئے اور منزل پر پہنچنے کا کوئی اشارہ نہ ملا، تو اس نے استفسار کیا جس پر عملے کو معلوم ہوا کہ وہ بین الاقوامی پرواز میں بیٹھا ہے۔

غیر معمولی لاپروائی

ایئرپورٹ منیجر نے اس واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے نجی ایئرلائن کو غفلت کا ذمہ دار قرار دیا، پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی زرائع کے مطابق ریگولیٹر سول ایویشن اتھارٹی اور اسٹیشن مینیجر کو خط ارسال کردیا گیا ہے جس میں غفلت کی مرتکب ائیرلائن کو بھاری جرمانے کی استدعا کی گئی ہے۔ منیجر کے مطابق یہ واقعہ ہوابازی کے شعبے میں غیر معمولی لاپروائی کی مثال ہے۔

مسافر ملک شاہ زین کا کہنا ہے کہ جب اس نے واپسی کی درخواست کی تو جواب ملا ’ 2-3 دن لگیں گے، اور ایف آئی اے انکوائری کرے گی‘۔

ایئرلائن نے واقعے کی ذمہ داری مسافر پر ڈالنے کی کوشش کی، جو مزید تشویش کا باعث بنی۔

ایوی ایشن حکام نے اس سنگین غفلت کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ یہ واقعہ پاکستان میں ایئر ٹریول سیکیورٹی اور انتظامی غفلت کے حوالے سے کئی سوالات کو جنم دے رہا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *