اسلام آباد(اوصاف نیوز)وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال 591 ارب روپے کا بجلی چوری کی مد میں نقصان اٹھانا پڑا، تقسیم کار کمپنیوں کےنقصانات کم کرکے 399 ارب روپے پر لے آئے ہیں۔
وفاقی وزیر توانائی نے کہا کہ حکومت توانائی کےشعبے میں بہتری کیلئے کوشاں ہے، بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی میں بہتری لائی گئی ہے، بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں میں میرٹ پر بورڈز ممبران کی تعیناتی کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بہتری کے باعث بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے نقصانات میں کمی آئی ہے، حکومتی کوششوں کے باعث شعبہ توانائی میں نمایاں کامیابیاں ملی ہیں، نقصانات کو کم کرکے 151 ارب روپے بچائے ہیں۔
اویس لغاری نے کہا کہ گزشتہ سال 276 ارب روپے کی بجلی چوری کی گئی، ہم نے 100 ارب روپے کے نقصانات کو کم کرنے کا ہدف رکھا تھا، گزشتہ سال تمام ڈسکوز نے 315 ارب روپے ریکور نہیں کئے ، ہم نے ٹیکس ادا کرنے والوں کے 191 ارب روپے بچائے۔
انہوں نے کہا کہ ہم ڈسکوز کی ریکوریوں کو بہترکرنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، کچھ ڈسکوز بجلی چوری کی مد میں نمایاں کمی لائی ہیں، بجلی چوری میں بڑی بڑی کمپنیاں ملوث ہیں، ان کا کہنا تھا کہ 591 ارب روپے کے نقصان پر وزیراعظم اور کابینہ کو تشویش تھی۔