لاہور(نیوز ڈیسک) لاہور میں ایک غیر نمونہ نمبر پلیٹ والی گاڑی کو روکنا ٹریفک وارڈنز کو مہنگا پڑ گیا، وکلا نے ٹریفک وارڈنز پر لاتوں اور گھونسوں کی بارش کردی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے مزنگ میں وکلا اور ٹریفک وارڈنز کے درمیان معمولی بات پر جھگڑا شدت اختیار کر گیا اور بات ہاتھا پائی تک جا پہنچی، ٹریفک وارڈنز نے غیر نمونہ نمبر پلیٹ پر ایک گاڑی کو روکا جس میں وکلا سوار تھے، ٹریفک وارڈنز کی جانب سے روکے جانے پر وکلا نے ٹریفک وارڈنز پر تشدد کیا۔
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وکلا اور ان کے ساتھی ٹریفک وارڈن پر لاتوں اور گھونسوں سے حملہ کر رہے ہیں۔ موقع پر موجود شہریوں نے واقعے کی ویڈیو بنائی، جس میں ٹریفک وارڈنز کو مزاحمت کرتے اور وکلا کو روکنے کی کوشش کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
تشدد کے بعد وکلا جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تاہم وکلا کے 3 ساتھیوں کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ واقعے میں ملوث ملزمان کے خلاف مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے۔