تحریک انصاف آج جی ٹی روڈ پر پاور شو کیلئے تیار، علی امین گنڈاپور قیادت کریں گے

سیاسی حکمت عملی پر مشاورت کیلئے مشترکہ پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بھی ہوگا، اجلاس میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے منتخب اراکین کو شرکت کی دعوت دے دی گئی

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 جولائی 2025ء ) پاکستان تحریک انصاف نے آج جی ٹی روڈ پر پاور شو کی تیاری کرلی، وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور قیادت کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے سیاسی حکمت عملی پر مشاورت کے لیے مشترکہ پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج کے پی ہاؤس اسلام آباد میں طلب کر لیا ہے، اجلاس میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے منتخب اراکین کو شرکت کی دعوت دے دی گئی۔میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں پارٹی کی جاری احتجاجی تحریک کے اگلے مرحلے کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا، اجلاس میں پارٹی قیادت احتجاجی تحریک کو مزید منظم اور مؤثر بنانے کے لیے اراکین اسمبلی سے تجاویز بھی طلب کرے گی، پارلیمانی رہنما اجلاس کے دوران ملکی سیاسی حالات پر تبادلہ خیال کریں گے اور احتجاجی مرحلے کی حکمت عملی کو حتمی شکل دیں گے۔بتایا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور آج شام لاہور پہنچیں گے اس دوران پارٹی کی جانب سے جی ٹی روڈ پر پاور شو کیا جائے گا، لاہور روانگی سے قبل پی ٹی آئی خیبرپختونخواہ کی اعلیٰ قیادت خیبر ہاؤس اسلام آباد میں اکٹھی ہونا شروع ہوئی جس کے لیے خیبرپختونخواہ ہاؤس میں صوبائی وزراء، ایم پی ایز اور پارٹی قائدین کی آمد کا سلسلہ جاری رہا، خیبر پختونخواہ ہاؤس میں موجود رہنماؤں نے قافلے کی تیاری کو حتمی شکل دی، علی امین گنڈاپور کی قیادت میں قافلہ لاہور روانہ ہوگا۔معلوم ہوا ہے کہ لاہور میں متعدد اہم سیاسی ملاقاتیں اور مشاورتی اجلاس ہوں گے، علی امین گنڈاپور لاہور میں اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بھچر سے خصوصی ملاقات کریں گے، دورہ لاہور کے دوران علی امین گنڈاپور کی پی ٹی آئی کے سینئر رہنماؤں اور پنجاب اسمبلی کے اراکین سے بھی ملاقاتیں ہوں گی، ان ملاقاتوں کا مقصد عمران خان کی زیر قیادت جاری تحریک کو منظم اور فعال کرنا ہے، اس کے علاوہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ لاہور میں پی ٹی آئی اراکین پنجاب اسمبلی سے خطاب کریں گے، لاہور میں ان کے اعزاز میں ایک عشائیہ بھی دیا جائے گا جہاں تحریک کی حکمت عملی پر مشاورت ہوگی۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *