عمران خان کے بیٹوں اور بہنوں کا تحریک میں شامل ہونا ان کا حق ہے، سلمان اکرم راجا

پاکستان تحریکِ انصاف کے مرکزی رہنما سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ ‘عمران خان کے بیٹوں اور بہنوں کا تحریک میں شامل ہونا ان کا حق ہے، کوئی وجہ نہیں کہ وہ تحریک کا حصہ نہ بنیں’۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلیمان اکرم راجا نے کہا کہ بشریٰ بی بی اور عمران خان کا یہ حق ہے کہ ان کی سزا معطلی کی درخواست فوری طور پر سنی جائے۔

وزیرِاعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ کے اُس بیان پر کہ ‘اگر عمران خان کے بیٹے پاکستان آکر احتجاج کریں گے تو انہیں گرفتار کیا جائے گا’، سلمان اکرم راجا نے ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ ‘عمران خان کے بیٹوں اور بہنوں کا تحریک میں شامل ہونا ان کا بنیادی حق ہے، کوئی وجہ نہیں کہ وہ اس جدوجہد کا حصہ نہ بنیں’۔

سلمان اکرم راجا نے کہا کہ جو لوگ قانون و آئین کے تحفظ کے لیے باہر نکلتے ہیں، یہ ایک خوش آئند بات ہے۔ محترمہ بینظیر بھٹو نے بھی تحریک چلائی تھی، یہ اس ملک کی ایک جمہوری روایت ہے۔

انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈاپور عمران خان کی مرضی سے وزیراعلیٰ ہیں۔ ہم سب متحد ہیں۔ علی امین گنڈاپور کو اپنے ساتھیوں سے کوئی خطرہ نہیں۔ اگر ان کے خلاف باہر سے کوئی سازش ہوئی تو ہم سب ان کے ساتھ کھڑے ہو کر اس کا بھرپور مقابلہ کریں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *