ماسکو(ویب ڈیسک ) یوکرین نے روس پر ڈرونز کی بارش کردی ۔حملوں میں 40 سے زائد روسی جنگی طیاروں کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
یوکرین نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے روس کے مختلف فوجی ہوائی اڈوں پر حملہ کر کے 40 سے زائد روسی جنگی طیاروں کو نشانہ بنایا ہے۔ یہ حملہ روسی فضائیہ پر اب تک کا سب سے بڑا ڈرون حملہ قرار دیا جا رہا ہے۔
یوکرین کی خفیہ ایجنسی “ایس بی یو” نے ایک بیان میں کہا ہے کہ “دشمن کے اسٹریٹجک بمبار طیارے بڑی تعداد میں جل رہے ہیں”۔
ایجنسی کا کہنا ہے کہ یوکرین نے دشمن کے بمبار طیاروں کو تباہ کرنے کے لیے ایک بڑی خصوصی کارروائی شروع کی ہے۔
روسی فوج نے ابھی تک ان حملوں پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق طیاروں کو روس کے شمال مغرب میں واقع شہر مرمانسک کے قریب اولینیا ایئر بیس پر بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔
ذرائع نے غیر ملکی خبر ایجنسی کو بتایا کہ حملوں میں روس کے اسٹریٹجک بمبار طیارے جیسے Tu-95، Tu-22M3 اور A-50 ایئر وارننگ طیارے شامل تھے۔
روسی میڈیا نے مرمانسک پر حملے کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ ایئر ڈیفنس کام کر رہا ہے۔ارکتسک پر حملے کی خبریں بھی مقامی میڈیا میں آ رہی ہیں۔
دوسری جانب، یوکرینی حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات روس نے یوکرین پر 472 ڈرونز اور سات بیلسٹک و کروز میزائلوں سے حملہ کیا، جو کہ اب تک کا سب سے بڑا روسی ڈرون حملہ لگتا ہے۔
یوکرین کا کہنا ہے کہ اس نے 385 فضائی اہداف کو “ناکام” بنا دیا۔
یوکرینی زمینی فوج نے کہا ہے کہ ایک روسی میزائل حملے میں ان کے 12 فوجی ہلاک اور 60 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ یہ حملہ یوکرین کے ایک تربیتی مرکز پر کیا گیا۔