معروف سوشل میڈیا اسٹار اور انفلوئنسر ڈاکٹر نبیہہ علی خان کی شادی کی ویڈیوز حال ہی میں سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں، جن میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کے عروسی جوڑے کی قیمت ایک کروڑ روپے جبکہ زیورات ڈیڑھ کروڑ روپے مالیت کے ہیں۔
ڈاکٹر نبیہہ کے اس بیان نے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کر لی، تاہم انہیں اس حوالے سے شدید تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ متعدد صارفین نے ان کے بیان کو دکھاوے اور غیر ضروری فخر کا مظہر قرار دیا۔
تاہم، بعد ازاں ڈاکٹر نبیہہ علی خان نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ خوشی کے عالم میں ان کی زبان پھسل گئی تھی۔ ان کا کہنا تھا، ’میں کروڑ کا جوڑا پہنوں یا ڈھائی سو کروڑ کا، اس پر دوسروں کو اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔ انسان کبھی کبھار خوشی میں لاکھوں کی چیز کروڑوں میں بتا دیتا ہے، مگر لوگوں نے میری بات کو مذاق بنا لیا‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’مجھے خواب میں بھی کروڑوں ہی آتے ہیں، اس لیے میری باتوں میں بھی کروڑوں کا ذکر ہوتا ہے۔ جو چیز میں پہن لوں، وہ میرے کروڑوں کی ہو جاتی ہے، کیونکہ میں خود بھی لاکھوں کروڑوں میں ایک ہوں‘۔